The Election Commission of Pakistan organized a two-day media workshop under the title "Responsible Reporting for Peaceful and Inclusive Elections" at a local hotel in Lahore. Senior journalist Mujibur Rahman Shami and Provincial Election Commissioner Punjab Mr. Saeed Gul were the special guests

 

دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب 
10کورٹ سٹریٹ لاہور 

پریس ریلیز

لاہور ء2023یکم جون

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہورکے مقامی ہوٹل میں "ذمہ دارانہ رپورٹنگ برائے پر امن اور جامع انتخابات "کے عنوان کے تحت دو روزہ میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔ جس کے مہمان خصوصی سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب جناب سعید گل تھے ۔ میڈیا تربیتی ورکشاپ کا مقصد الیکشن قوانین اور الیکشن سے متعلق مختلف سرگرمیوں کی رپورٹنگ ، الیکشن میں جھوٹی خبر، غلط معلومات ، گمراہ کن خبر، اور نفرت آمیز تقاریر کا مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائو اور  انتخابات میں محروم طبقات ، خواتین ، خواجہ سراء ، بزرگ، افراد باہم معذوری اور اقلیتوں کی شمولیت کو بہتر بنانے میں میڈیا کا کردار ، ضابطہ اخلاق  اور خلاف ورزیوں کے سد باب کے حوالےسے پروفیشنل میڈیا کی ذمہ داری پر گفتگو کی گئی ۔ مختلف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان نے اس ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی۔ ٹریننگ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ بعد ازاں ترجمان الیکشن کمیشن قرت العین فاطمہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حاضرین کو خوش آمدید کہا. ٹرینرز ڈپٹی ڈائریکٹر خوشال زادہ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب ، قرت العین فاطمہ ترجمان ای سی پی ، خرم بدر اور کلثوم معراج  (انٹرنیشنل فار الیکٹرول سسٹم ) نے مختلف سیشن منعقد کرائے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا دور ہے اور صحافیوں کو چاہیے کہ مستند اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کیلئے صحافتی اقدار کا خاص خیال رکھا جائے ۔ جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی عدم برداشت اپنے عروج پرہے. انتخابات میں جیتنے والا ایک اور ہارنے والے متعدد ہوتے ہیں اس لئے الیکشن کمیشن پر بلاجواز تنقید بھی معمول بن چکی ہے ۔ تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی قریب میں الیکشن  کمیشن کے احکامات قابل تعریف ہیں۔ جس طرح ڈسکہ الیکشن میں موجودہ چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ نے شفافیت کو سبوتاژکرنے والوں کے خلاف کارروائی کر کے تاریخ رقم کی جس پر و ہ ستائش کے حقدار ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ عدلیہ کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیئے تاکہ ملک میں انتخابات کا انعقاد صحیح سمت میں کیا جاسکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ  میڈیا کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی بھی ٹریننگ کروائی جائے ۔  اور کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی سختی سے عمل کرانا چاہیئے ۔
تقریب کے مہمان مقرر صوبائی الیکشن کمشنر جناب سعید گل کا تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ میڈیا الیکشن کمیشن کے لئے ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے جس کے ذریعے مختلف طرح کی انفارمیشن عوام تک پہنچائی جاتی ہیں لیکن اس کیلئے ضروری یہ ہے کہ میڈیا کو انتخابی عوامل ، قوانین اور ضابطوں کے حوالے سے مکمل آگاہی ہو ۔ اس ہی مقصد کیلئے آج کی اس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ میڈیا کو درست انفارمیشن مہیا کریں اس سے نہ صرف بیٹ رپورٹرز کو سہولت ملے گی ۔ بلکہ الیکشن کمیشن کا پیغام بھی احسن طریقے سے مختلف اسٹیک ہولڈرز تک پہنچے گا۔

Accessibility Tools
Increase Font

Decrease Font

High Contrast

Negative Contrast

Light Background

Links Underline

GrayScale

Readable Fonts

Reset